نئی دہلی : راؤز ایونیو کورٹ نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو چھ دنوں کے لیے یعنی 28 مارچ تک ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ ای ڈی نے 10 دنوں کی ریمانڈ مانگی تھی، لیکن عدالت نے 6 دنوں کی ریمانڈ دینے کا فیصلہ سنایا، یعنی اب 28 مارچ کو انھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس فیصلہ سے قبل دونوں فریقین نے عدالت میں اپنی اپنی طرف سے دلیلیں پیش کی تھیں۔ کیجریوال کی طرف سے پیش ہوئے وکیل ابھشیک منو سنگھوی نے کیجریوال کی گرفتاری کی مخالفت کی تھی اور سوال اٹھایا تھا کہ جب ای ڈی کے پاس سب کچھ ہے تو گرفتاری کیوں کی گئی۔ اس درمیان ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ کیجریوال وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔ کیجریوال کا کہنا ہے کہ میں صحت مند ہوں اور جیل سے ہی حکومت چلاؤں گا۔