بہار اسمبلی انتخاب-2025 سے قبل نتیش حکومت کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ اب طلبا و طالبات کو بغیر سود کے تعلیمی قرض دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ یہ جانکاری دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ابھی 12ویں کلاس پاس طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لیے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ کے تحت تعلیمی قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ اس پر 4 فیصد شرح سود نافذ تھا، جسے اب پوری طرح ختم کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی قرض کو ادا کرنے کے لیے ای ایم آئی (قسط) کی میعاد بھی بڑھا دی گئی ہے۔
نتیش کمار نے اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا، ’’سات نشچئے یوجنا کے تحت بہار میں 12ویں پاس طلبا جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے 2 اکتوبر 2016 سے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ نافذ ہے۔ بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ کے تحت زیادہ سے زیادہ 4 لاکھ روپے کا تعلیمی قرض عام درخواست دہندہ کو 4 فیصد شرح سود پر اور خواتین، معذور و ٹرانسجینڈر درخواست دہندہ کو 1 فیصد شرح سود پر دیا جاتا ہے، اب اس منصوبہ کے تحت دیے جانے والے قرض کی رقم سبھی درخواست دہندگان کے لیے سود سے پاک ہوگی۔
نتیش کمار نے یہ بھی بتایا کہ اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ کے تحت 2 لاکھ روپے تک کے تعلیمی قرض کو 60 ماہانہ قسطوں (5 سال) میں واپس کرنے کا نظم تھا، جسے اب بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 84 ماہانہ قسط (7 سال) کر دیا گیا ہے۔ وہیں 2 لاکھ سے زیادہ کے قرض کو ادا کرنے کی مدت اب تک 7 سال تھی، جسے بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 120 ماہانہ (10 سال) قسط کر دیا گیا ہے۔