نئی دہلی: ہندوستان کی فنانس ٹیکنالوجی کمپنی ِ:بھارت پے:کے شریک بانی اور سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) اشنیر گروور اور ان کی اہلیہ مادھوری جین کو ان کے خلاف جاری کردہ لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) کے سبب دہلی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روک لیا گیا۔پولیس نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ یہ لک آؤٹ نوٹس دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کی درخواست پر جاری کیا گیا تھا۔اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ای او ڈبلیو) سندھو پلئی نے کہا کہ انہیں ای او ڈبلیو کی طرف سے جاری کردہ ایل او سی پر جمعرات کی رات ہوائی اڈے پر روکا گیا، تاہم انہوں نے مزید معلومات دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نیویارک جانے والے جوڑے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر واپس جائیں اور ای او ڈبلیو کی زیر قیادت جاری تحقیقات میں تعاون کریں۔تحقیقات کی نوعیت یا گروور اور جین کیخلاف مخصوص الزامات کا ابھی تک انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔ حال ہی میں دہلی پولیس نے ہائی کورٹ میں پیش کی گئی ایک اسٹیٹس رپورٹ میں کہا تھا کہ اسے بھارت پے کے شریک بانی اشنیر گروور اور ان کے کنبہ کے ممبروں کی طرف سے مالی بے ضابطگیاں اور چینل فنڈز میں بیک ڈیٹ شدہ رسیدوں کا استعمال سمیت مشتبہ طریقوں کا استعمال کرنے پتہ چلا تھا۔