نئی دہلی (ایم آئی سی سی) انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے صدر اور مشہور و معروف کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے مدینہ منورہ کے قریب پیش آئے اس خوفناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں کم از کم 41 ہندوستانی عمرہ زائرین کی جانیں ضائع ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت دلخراش سانحہ ہے، جس نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔
سلمان خورشید نے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے تمام زائرین کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے اس حادثہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور سعودی حکام سے اپیل کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی مدد فراہم کی جائے۔
انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے دیگر عہدیداران نے بھی اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور سوگ کا اظہار کیا ہے۔ سنٹر کے سکریٹری ڈاکٹر اے کے شرما نے کہا کہ یہ وقت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ انہوں نے حکومتِ ہند اور وزارتِ خارجہ سے درخواست کی کہ سعودی عرب کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھتے ہوئے تمام ضروری کارروائیاں فوری طور پر پوری کی جائیں، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو کم سے کم پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے۔

















