جوہانسبرگ: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ آج ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہے اور جلد ہی ہندوستان 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائے گا۔ وہ جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں برکس بزنس فورم لیڈرز ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے۔
پی ایم مودی نے کہاکہ ‘اس وقت بھی دنیا کووڈ کی وبا، تناؤ اور تنازعات کے درمیان معاشی چیلنجوں سے نبرد آزما ہے۔ ایسے وقت میں برکس ممالک کو ایک بار پھر اہم کردار ادا کرنا ہے۔ عالمی سطح پر اتھل پتھل کے باوجود ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ جلد ہی ہندوستان 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہندوستان دنیا کا گروتھ انجن ہوگا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان نے آفات اور مشکلات کے دور کو معاشی اصلاحات کے مواقع میں بدل دیا۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ آج ہندوستان میں کروڑوں لوگوں کو ایک کلک کے ذریعے براہ راست فوائد منتقل کیے جاتے ہیں، اس سے خدمات کی فراہمی میں شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔
برکس بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ پچھلے 9 سالوں میں لوگوں کی آمدنی میں تقریباً تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی میں خواتین کی بھر پور شرکت رہی ہے۔برکس سربراہی اجلاس میں، پی ایم نریندر مودی نے کہا، ‘ہندوستان کے پاس دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ہے۔ ملک میں 100 سے زیادہ یونی کارن موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحی اقدامات سے ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔
خطاب کے آغاز میں پی ایم مودی نے برکس بزنس کونسل کی 10ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں برکس بزنس کونسل نے ہمارے اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔