بہار کی نتیش کمار حکومت نظامِ تعلیم کو مضبوط کرنے کو لے کر لگاتار قدم اٹھا رہی ہے۔ اس کے تحت اساتذہ کی غیر موجودگی اور تاخیر سے اسکول پہنچنے پر لگام لگانے کے لیے نیا حکم جاری ہوا ہے۔ اس کے تحت اساتذہ کو جہاں اب اپنی حاضری آن لائن درج کرنی ہوگی، وہیں اب وہ اسکول کے وقت میں واٹس ایپ چیٹنگ نہیں کر سکیں گے اور سوشل میڈیا پر بننے والے ریلس بھی نہیں دیکھ سکیں گے۔
دراصل بہار کے محکمہ تعلیم میں جب سے ایڈیشنل چیف سکریٹری کی شکل میں تیز طرار آئی اے ایس افسر کے کے پاٹھک فائز ہوئے ہیں، تب سے محکمہ کے طریقہ کار میں لگاتار اصلاح کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسی کے تحت اب اساتذہ کو اپنی حاضری آن لائن درج کرانے کا فرمان جاری ہوا ہے۔ ساتھ ہی اسکول کے وقت میں واٹس ایپ چیٹنگ اور ریلس دیکھنے پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کے ایک افسر نے بتایا کہ اسکولوں کے معائنہ کے بعد اب اساتذہ اور طلبا و طالبات کی حاضری آن لائن طریقے سے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس کی شروعات راجدھانی پٹنہ سے 16 جولائی سے ہو رہی ہے۔ اس کے بعد پورے بہار میں یہ نظام نافذ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ طلبا و طالبات کی آن لائن حاضری اگست ماہ سے شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس نظام کے نافذ ہونے پر سرکاری اسکول کے نظام میں خاطر خواہ مثبت تبدیلی ہوگی۔ اساتذہ کے غائب رہنے کی شکایت کا بھی ازالہ ہو سکے گا۔
ایسے میں بہار کے 80 ہزار سرکاری اسکولوں میں زیر تدریس اساتذہ اب اسکول کی مدت میں غیر ضروری موبائل چلانے میں مصروف نہیں رہ پائیں گے۔ محکمہ تعلیم نے اسکول کے وقت اساتذہ کی واٹس ایپ اور دیگر چیٹنگ پر روک لگا دی ہے۔ محکمہ نے اس کے لیے حکم بھی جاری کر دیا ہے۔ اساتذہ شارٹ ویڈیوز اور ریلس بھی نہیں بنا سکیں گے۔ اساتذہ صرف تدریسی سرگرمیوں کے لیے ضرورت پڑنے پر ہی موبائل کا استعمال کر سکیں گے۔ اس تعلق سے اسکول کے پرنسپلز کو سخت نگرانی کے لیے کہا گیا ہے۔