بختیارپور : بہار کے بختیار پور میں ایک انتخابی جلسۂ عام کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی جی، آپ لمبی لمبی تقریریں مت کیجئے، صرف اتنا بتا دیجئے کہ آپ نے بہار کے نوجوانوں کے لیے کتنا روزگار دیا ہے۔ پی ایم مودی کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے 2 کروڑ نوجوانوں کو ملازمت دینے کی بات کی تھی، لیکن کسی کو بھی ملازمت نہیں دی۔ پہلے نوجوان فوج اور پبلک سیکٹر میں جا سکتے تھے لیکن نریندر مودی نے تمام راستے بند کر دیئے ہیں۔
کانگریس کے لیڈر نے اپنے خطاب میں فوج کی اگنی ویر اسکیم کے حوالے سے بھی پی ایم مودی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 جون کو انڈیا الائنس کی حکومت آ رہی ہے۔ حکومت بنتے ہی ہم اگنی ویر اسکیم کو ختم کر دیں گے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ انڈیا الائنس کی حکومت اس اگنی ویر اسکیم کو اس لیے ختم کرے گی کیونکہ یہ اسکیم فوج کی لائی ہوئی نہیں ہے بلکہ نریندر مودی نے اس اسکیم کو فوج پر تھوپا ہے۔راہل گاندھی لوک سبھا انتخاب میں انڈیا اتحاد کی کارکردگی کو لے کر انتہائی پُرجوش دکھائی دیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بہار اور اترپردیش میں انڈیا اتحاد کا طوفان آ رہا ہے۔ نریندر مودی ہندوستان کے وزیر اعظم نہیں بننے جا رہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ آئین کو بچانے کا الیکشن ہے، کیونکہ بی جے پی لیڈر کہتے ہیں کہ ہم آئین تبدیل کر دیں گے۔ مگر میں نریندر مودی اور ان کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی آئین کو ہاتھ نہیں لگا سکتا۔ اگر کوئی اسے بدلنے کی ہمت کرے گا تو پورا انڈیا اتحاد اس کے سامنے کھڑا ہوگا۔