نئی دہلی : مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے زیر صدارت 51ویںمیٹنگ میں جی ایس ٹی کونسل نے بدھ کو آن لائن گیمنگ، کیسینو اور گھوڑوں کی دوڑ پر 28 فیصد ٹیکس کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سیتا رمن نے جی ایس ٹی کونسل کی 51ویں میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ نے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن گیمنگ پر 28 فیصد جی ایس ٹی یکم اکتوبر سے لاگو ہونے کی امید ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ عمل درآمد کے 6 ماہ بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ 28 فیصد ٹیکس لگانے کا فیصلہ 3 سال کی طویل بحث کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل نے ان ترامیم کی زبان پر تبادلہ خیال کیا، جن کی آن لائن گیمنگ پر ٹیکس لگانے کیلئے ضرورت ہوگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ کے دوران دہلی، گوا اور سکم نے آن لائن گیمنگ پر 28 فیصد جی ایس ٹی کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ تمل ناڈو کو بھی اندیشہ تھا کیونکہ وہاں اس طرح کے کھیلوں پر پابندی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر، گجرات، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور بہار سمیت دیگر ریاستیں 28 فیصد ٹیکس کے حق میں ہیں اور اسے جلد از جلد لاگو کرنا چاہتی ہیں۔