نئی دہلی:ریلائنس انڈسٹریزکے چیئرمین مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ شادی کے بندھن میں بندھنے کو تیار ہیں۔ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کے فنکشنز کا اہتمام 1 سے 3 مارچ تک جام نگر ،گجرات میں کیا گیا ہے۔توقع ہے کہ تما م تقریبات روایتی اور پر کشش ہونگی ۔اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نئے جوڑے کے لئےگذشتہ 16فروری کو جام نگر واقع امبانی فیملی اسٹیٹ میں منعقد لگن لکھوَن کی تقریب میں رادھیکا مرچنٹ نے مشہور ڈیزائنرانامیکا کھنہ کا ڈیزائن کردہ لہنگا پہناتھا ۔انگریزی اخبار اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جو چیز اس تقریب کو سب سے زیادہ قابل ذکر بناتی ہے وہ با اثر مہمانوں کی فہرست ہے، جس میں بین الاقوامی سطح کےمشہور ومعروف بزنس مین کے نام شامل ہیں ۔رپورٹ کے مطابق مارچ کے اوائل میں جام نگر میں شادی سے پہلے کی تقریبات میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کی فہرست میں یہ بات اہم ہے کہ عالمی کاروباری شخصیات میں کس کس کو اس عظیم الشان محفل کی زینت بنایا گیا ہے۔اب تک جو نام سامنے آئے ہیں ان میں مائکرو سافٹ کے دور اندیش شریک بانی بل گیٹس اور میٹا کے سی ای او مارک ذکر برگ کے نام قابل ذکر ہیں ۔ان کے علاوہ انوسٹمنٹ فرم بلیک راک کے سی ای او لیری فرنک اور ڈزنی کے سربراہ باب ایگربھی مدعوئین میں شامل ہیں ۔ دیگر مہمانان میں وہائٹ ہائوس کے سابق اڈوائزر اور بزنس مین ایونکا ٹرمپ،فائناشیل سروس پاور ہائوس مارگن اسٹینلی کے سی ای او ٹیڈ پِک، بینک آف امریکہ کے چئیر مین برین تھامس ،ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (اے ڈی این او سی )کے سی ای او سلطان احمد الجابر،انوسٹمنٹ فرم ای ایل روتھسچائلڈ کے سربراہ فورسٹر ڈی روتھسچائلڈ،بھوٹان کے شاہ اور ان کی اہلیہ اور قطر کے وزیر اعظم عبدالرحمٰن بن جسیم الدانی شامل ہیں ۔ اس پر وقار تقریب میںٹیک انوسٹر یوری ملنر اور اڈاب کےسی ای او شانتا نو نرائن کی شرکت کی بھی امید ہے ۔
اننت اور رادھیکا کی منگنی راجستھان میں ناتھواڑہ واقع شری ناتھ جی مندر میں 2022میں ہوئی تھی جبکہ منگنی سے منسلک تقریب ممبئی واقع امبانی کے گھر انٹیلا میں 2023میں ہوئی تھی ۔جام نگر اگلا باب ہے جو ان دنوں سب کی زبان پر ہے ۔