ممبئی : سال گذشتہ اپنی دولت کے معاملہ میں اونچ نیچ والی رینکنگ کے بعد گوتم اڈانی اب ایک بار پھر ایشیا کے امیرترین شخص بن گئے ہیں۔ چند دن قبل ہی سپریم کورٹ نے ان کے خلاف ہنڈن برگ ریسرچ کے الزامات پر مزید کسی تحقیق کی ضرورت سے انکار کردیا تھا ۔ گوتم اڈانی کی دولت ایک دن میں 7.7 بلین ڈالرس اضافہ کے ساتھ 97.6 بلین ڈالرہوگئی جس کی بدولت وہ ہندوستان میں مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ بلوم برگ بلینئرس انڈیکس میں یہ بات بتائی گئی ہے۔ گوتم اڈانی اپنے خاندان میں پہلی نسل کے بڑے تاجر ہیں۔ انہوں نے 1980 کی دہائی میں ہیروں کی تجارت سے آغاز کیا تھا ۔ گذشتہ ایک سال میں ان کی تجارت میں برقی پلانٹس سے لے کر بندرگاہیں بھی شامل ہوگئی تھیں۔
ہنڈن برگ کی جانب سے کارپوریٹ دھوکہ دہی کے الزامات کی تردید کرنے کے باوجود اڈانی گروپ کو سال گذشتہ تقریبا 150 بلین ڈالرس کی مارکٹ ویلیو کا نقصان ہوا تھا اور سرمایہ کاروں ‘ قرض داروں وغیرہ کا اعتماد حاثل کرنے اور قرضہ جات واپس کرتے ہوئے ریگولیٹری تشویش کو دور کرنے میں اس گروپ کو ایک سال کا وقت درکار ہوا ۔ جاریہ ہفتے سپریم کورٹ نے ہنڈن برگ الزامات میں مزید تحقیقات کی ضرورت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اس گروپ کے اسٹاکس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا عدالت سے ملی راحت کے نتیجہ میں اڈانی کی دولت میں 13.3 بلین ڈالرس کا اضافہ ہوا ہے ۔