پٹنہ : پٹنہ کے گاندھی میدان تھانہ حلقہ کے پیر موہانی علاقے میں اتوار کی دیر رات شدید آگ لگ گئی۔ آگ وشوکرما ٹمبر نامی لکڑی کے گودام میں لگی تھی۔ واقعہ کی اطلاع رات 1:30 بجے فائر کنٹرول روم کو ملی، جس کے بعد فائربریگیڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آ گئیں۔ اس آتشزدگی میں تقریباً ایک کروڑ روپے کی جائیداد کا نقصان ہوا ہے۔ یہ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کے آس پاس کے تقریباً 10 مکان بھی اس کی زد میں آ گئے۔
ٹمبر ہاؤس کے پاس گھنی آبادی والا علاقہ ہے جہاں کئی گھر اور بازار واقع ہیں۔ آگ کے پھیلنے سے افرا تفری مچ گئی۔ آگ کی لپیٹ میں آئے مکانوں میں پھنسے 40 لوگوں کو فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے محفوظ باہر نکالا۔ آگ کی وجہ سے علاقے میں غبار ہی غبار پھیل گیا تھا۔ ایسے حالات میں لوگوں کو سانس لینے میں کافی پریشانی ہو رہی تھی، اس میں دم گھٹنے سے ایک شخص کی جان بھی چلی گئی۔
واقعہ کے بعد فائربریگیڈ ڈپارٹمنٹ کی تقریباً 30 گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ کنکڑ باغ، لودی پور، سکریٹریٹ، پٹنہ سیٹی سمیت دیگر علاقوں سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بلائی گئیں۔ تقریباً 150 فائر بریگیڈ اہلکار آگ بجھانے میں پوری رات لگے رہے۔ آگ نے اتنی خوفناک شکل اختیار کر لی تھی کہ اس پر قابو پانے میں 9 گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگ گیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد بھی علاقے میں دھواں اٹھتا رہا۔ آگ بجھانے میں تقریباً 5 لاکھ لیٹر پانی خرچ ہوا۔
واقعہ کے بعد فائرآفیسر منوج نٹ نے اس شدید آتشزدگی واقعہ کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل کرنے کی سفارش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ وہیں ایک دیگر افسر اجیت کمار نے بتایا کہ یہ علاقہ پہلے بھی آتشزدگی کے واقعات کا شکار ہو چکا ہے۔ واقعہ کے بعد پورے علاقے میں لوگوں کے درمیان زبردست دہشت کا ماحول ہے۔