اجلاس میں تنظیمی مضبوطی پر زور دیا گیا۔ کانگریس کا مؤقف ہے کہ زمینی سطح پر مضبوط تنظیم کے بغیر انتخابی لڑائی مکمل نہیں ہوگی۔ تنظیمی قرارداد کے تحت پارٹی کارکنان کو ہر پولنگ مرکز (بوتھ) سطح پر تیار کیا جائے گا اور وسیع پیمانے پر مہم چلائی جائے گی۔
سب سے بڑا اعلان ووٹ چوری کے مسئلے پر ہوا۔ کانگریس نے کہا کہ 25 ستمبر سے 15 اکتوبر تک ملک بھر میں دستخط مہم چلائی جائے گی۔ اس دوران پانچ کروڑ دستخط جمع کیے جائیں گے اور اکتوبر کے آخر تک الیکشن کمیشن کو پیش کیے جائیں گے۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ اقدام انتخابی دھاندلی اور ووٹ چوری کے خلاف تاریخی تحریک ثابت ہوگا۔
راہل گاندھی نے اجلاس میں حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم آنے والے دنوں میں یورینیم بم، ہائیڈروجن بم اور ایٹم بم سب پھوڑنے والے ہیں۔ یہ لڑائی صرف کانگریس کی نہیں بلکہ جمہوریت بچانے کی ہے۔‘‘ انہوں نے سفارتکاری کے حوالہ سے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ صورتحال مودی کے دوستوں کی ناکامی اور حکومت کی سفارتی ناکامی کا نتیجہ ہے۔