نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ اتوار کو راجستھان کے بانسواڑہ میں جو انتہائی متنازعہ بیان دیا تھا، اس پر اپوزیشن لیڈران لگاتار حملہ آور ہیں۔ اب کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کرناٹک میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی پر ان کے بیان کے لیے شدید ترین حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میری ماں کا منگل سوتر اس ملک پر قربان ہوا ہے اور پی ایم مودی کہہ رہے ہیں کہ کانگریس پارتی آپ کا منگل سوتر اور سونا چھین لے گی۔ ملک میں 55 سال تک کانگریس کی حکومت رہی ہے، کسی نے آپ سے آپ کا سونا اور منگل سوتر چھینا؟ اندرا گاندھی جی نے جنگ میں اپنا سونا ملک کو دیا تھا۔
وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’مودی جی منگل سوتر کی اہمیت کو سمجھتے تو ایسی غیر اخلاقی باتیں نہیں کرتے۔ کسان پر قرض چڑھتا ہے تو اس کی بیوی اپنے زیور گروی رکھتی ہے، گھر کے بچوں کی شادی ہوتی ہے تو خواتین اپنے زیورات گروی رکھتی ہیں، نوٹ بندی میں جب خواتین کی بچت لے لی گئی، تب مودی جی کہاں تھے؟ لاک ڈاؤن میں جب مزدور پیدل چلے، خواتین نے اپنے گہرے گروی رکھے تب مودی جی کہاں تھے؟ کسان تحریک میں سینکڑوں کسان شہید ہو گئے، ان کی بیوگان کے منگل سوتر کے بارے میں مودی جی نے نہیں سوچا۔ منی پور میں ایک جوان کی بیوی کو برہنہ کر گھمایا گیا، تب اس کے منگل سوتر کے بارے میں نہیں سوچا۔ آج ووٹ پانے کے لیے خواتین کو ڈرا رہے ہیں۔ مودی جی، آپ کو شرم آنی چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی نے آج کرناٹک کے بنگلورو اور چتردرگ میں پارٹی امیدواروں کے لیے انتخابی تشہیر کی۔ اس دوران انھوں نے مرکز کی مودی حکومت کو نہ صرف تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو پوری طرح سے کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ انھوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے سوال کیا کہ ’’پی ایم مودی کے 10 سال کی مدت کار میں آپ کو کیا ملا؟ آپ کو ’سپر مین‘ کی تصویر دکھا کر ’مہنگائی مین‘ دے دیا گیا۔