بہار میں کانگریس قانون سازیہ پارٹی کے رہنما شکیل احمد خان کے بیٹے نے خودکشی کر لی ہے۔ پٹنہ سکریٹریٹ علاقے میں واقع سرکاری رہائش پر خودکشی کا یہ افسوسناک معاملہ پیش آیا۔ شکیل احمد خان کے بیٹے کا نام ایان تھا اور اس کی عمر تقریباً 18 سال تھی۔ اس نے اپنے والد کے فلیٹ میں خودکشی کی۔ اس وقت کانگریس رہنما شکیل خان بہار سے باہر تھے۔ اس خودکشی نے سبھی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ سکریٹریٹ تھانہ کی پولیس نے لاش کو ضبط کرکے آگے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
‘آج تک’ کی رپورٹ کے مطابق ایان رات کے کھانے کے بعد اپنے کمرے میں سونے کے لیے چلا گیا تھا۔ صبح اس کی لاش پھندے سے جھولتی ہوئی ملی۔ شکیل احمد خان کے بیٹے نے خودکشی کیوں کی؟ ابھی اس کے بارے میں تفصیلی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ اس واقعہ کے بعد پورے کنبہ میں ماتم کا ماحول ہے۔
بنیادی طور سے بہار کے کٹیہار ضلع کے رہنے والے شکیل احمد خان کی شبیہہ ایک صاف ستھرے رہنما کی رہی ہے۔ اچانک ان کے بیٹے کے خودکشی کر لینے کے بعد پولیس جانچ پڑتال میں لگ گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق واقعہ کی خبر ملنے پر بڑے افسر بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فارینسک محکمہ کی ٹیم نے بھی جائے وقوع پر جا کر اپنی جانچ کی ہے۔ ایان شکیل خان کے واحد لڑکے تھے اس کے علاوہ ان کی ایک بیٹی بھی ہے جو انگلینڈ میں لاء کی پڑھائی کر رہی ہے۔