بہار اسمبلی انتخاب 2025 میں این ڈی اے کی تاریخی فتح کے بعد جمعرات (20 نومبر) کو نئی حکومت کی تشکیل ہو گئی ہے۔ نتیش کمار نے 10ویں بار ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا۔ اس درمیان آر جے ڈی کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ بہار تیجسوی یادو کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’قابل احترام نتیش کمار جی کو بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔
تیجسوی یادو نے پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’’وزراء کی کونسل کے ارکان طور پر حلف لینے والے بہار حکومت کے تمام وزراء کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔‘‘ آر جے ڈی لیڈر نے لکھا کہ ’’امید ہے کہ نئی حکومت ذمہ داری کے ساتھ لوگوں کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترے گی، اپنے وعدوں اور اپنے اعلانات کو پورا کرے گی اور بہار کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت اور معیاری تبدیلیاں لائے گی۔
تیجسوی یادو کے علاہ وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر مکیش سہنی کا بھی نئی حکومت کے متعلق پہلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’قابل احترام نتیش کمار جی کو بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لیے بہت بہت مبارکباد اور وزراء کی کونسل میں شامل تمام معزز وزراء کو بھی نیک خواہشات۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’امید ہے کہ نئی حکومت بہار کے لوگوں کی امیدوں، بھروسے اور توقعات کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے وعدوں کو پورا کرے گی اور ریاست کی ترقی میں نئی رفتار لائے گی۔ بہار والوں کی زندگی میں حقیقی، مثبت اور معیاری تبدیلی ہی ہماری مشترکہ خواہش ہے۔











