پٹنہ: بھوجپوری اداکار اور گلوکار پون سنگھ جنہوں نے بہار کے کراکٹ پارلیمانی حلقے سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑا ہے، کو بدھ کو بی جے پی نے پارٹی سے نکال دیا۔ بہار بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر کے انچارج اروند شرما کی طرف سے جاری کیے گئے اخراج کے حکم میں لکھا گیا ہے کہ پون سنگھ لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کے مجاز امیدوار کے خلاف الیکشن میں اترے ہیںاور ان کا کام پارٹی مخالف ہے جس کی وجہ سے پارٹی کی شبیہ خراب ہوئی ہے۔ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے ریاستی صدر کے حکم کے مطابق انہیں بی جے پی سے نکالا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے جاری کی گئی اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست میں بی جے پی نے مغربی بنگال کے آسنسول سے پون سنگھ کو ٹکٹ دیا تھا۔ بھوجپوری اسٹار نے ٹکٹ ملنے پر بی جے پی اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آسنسول کے ساتھ اپنے خون پسینے اور روزی روٹی کے رشتے کے بارے میں بھی بتایا تھا، مگر ٹکٹ ملنے کے ایک دن بعد ہی انہوں نے آسنسول سے الیکشن لڑنے سے معذوری ظاہر کر دی تھی۔ اس کے بعد بی جے پی نے ان کی جگہ ایس ایس اہلووالیا کو آسنسول سے اپنا امیدوار بنایا۔ ٹی ایم سی نے اس سیٹ سے فلم اداکار شتروگھن سنہا کو میدان میں اتارا ہے۔