بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ یوپی مایاوتی نے اتوار (31 اگست) اعلان کیا ہے کہ ’’وہ بہار اسمبلی انتخاب میں تنہا اتریں گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ بہار اسمبلی انتخاب تنہا لڑے گی اور 2 دنوں کی اعلیٰ سطحی میٹنگوں کے بعد اپنے تنظیمی پروگراموں کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مایاوتی نے لکھا کہ ’’سینئر عہدیداروں کے ساتھ امیدواروں کے انتخاب اور آئندہ کچھ ماہ میں ہونے والے انتخابات کی مجموعی تیاریوں پر بات چیت کی گئی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کی ابتداء میں شروع ہونے والی پارٹی یاتراؤں اور جلسوں جیسے پروگرام ان کی براہ راست نگرانی میں منعقد کیے جائیں گے۔ ان اقدامات کی خصوصی ذمہ داری بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے قومی کوآرڈینیٹر آکاش آنند، راجیہ سبھا رکن رام جی گوتم اور پارٹی کی بہار اکائی کو دی گئی ہے۔ انہوں نے آگے لکھا کہ ریاست کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور سینئر لیڈران کو ہر ایک کا الگ الگ چارج دیا گیا ہے۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کو کمیوں کو دور کرنے اور بہار میں بہتر نتائج دینے کے لیے دل و جان سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بہار میں پارٹی کی تیاریوں اور ریاست میں تیزی سے بدلتے سیاسی حالات اور انتخابی مساوات کا حوالہ دیتے ہوئے بی ایس پی لیڈران نے میٹنگ میں پارٹی سربراہ کو یقین دلایا کہ پارٹی آئندہ انتخابات میں بہتر نتائج لائے گی۔