رامپور: اترپریش کے ضلع رامپور کی ایک خصوصی عدالت نے سماج وادی پارٹی(ایس پی) لیڈر اعظم خان کو امیدوار رہتے ہوئے ووٹروں کو متاثر کرنے کے لئے پولنگ سنٹر احاطے میں کار سے پہنچنے کے الزام سے بری کردیا۔اعظم خان پر امیدوار رہتے ہوئے ووٹروں کو متاثر کرنے کے لئے ووٹنگ احاطے میں کار سے پہنچنے کا الزام تھا۔ اس معاملے میں ایم پی۔ ایم ایل اے کورٹ نے آج اپنا فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں اعظم خان کو بری قرار دیا گیا ہے۔ضلع میں اعظم خان کے خلاف کئی مقدمے چل رہے ہیں۔
ان میں کئی مقدمات میں وہ بری ہوچکے ہیں تو کچھ میں انہیں سزا ہوچکی ہے۔ اس کی وجہ سے اعظم خان ضلع سیتا پور جیل میں بند ہیں۔اعظم خان کے سلسلے میں ایم پی ۔ ایم ایل اے کورٹ مجسٹریٹ ٹرائل نے اپنا فیصلہ سنایا ہے۔سال 2019 میں امیدوار رہتے ہوئے اعظم خان اپنی کار لے کر سرکاری رضا انٹر کالج پولنگ سنٹر میں پہنچے تھے۔ ایسے میں اس وقت کے ایس ڈی ایم پی پی تیواری نے ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کرایا تھا۔
الزام تھا کہ اعظم خان ووٹروں کو متاثر کرنے کے لئے پولنگ بوتھ احاطے میں کار لے کر پہنچے۔ اس معاملے میں سبھی گواہیاں اور بحث پوری ہونے کے بعد دستاویزات محفوظ کر کے فیصلے پر لگائی گئی تھیں۔ آج اس میں عدالت کے ذریعہ فیصلہ سنایا گیا ۔ فیصلے میں اعظم کو عدالت نے شواہد نہ ہونے کی بنیاد پر بری قرار دیا ہے۔