نئی دہلی (یو این آئی) مرکزی حکومت نے بدھ کو سال 2023-24 کے لیے خریف فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت(ایم ایس پی) کا اعلان کیاہے جس کے تحت دھان کی عام اور دھان گریڈ اے کی قیمتوں میں 143 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے ، جبکہ مونگ کی قیمت میں 803 روپے فی کوئنٹل، ارہر کی قیمت میں 400 روپے اور اُرد کی قیمت میں 350 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ مونگ پھلی کی قیمت میں 527 روپے فی کوئنٹل اور مکئی کی قیمت میں 128 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کی میٹنگ میں وزارت زراعت نے خریف کی فصلوں کی کم از کم امدادی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ 2022-23 میں عام دھان کی کم از کم امدادی قیمت 2040 روپے فی کوئنٹل تھی جسے بڑھا کر 2183 روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے دھان گریڈ اے کی کم از کم امدادی قیمت 2060 روپے فی کوئنٹل سے بڑھا کر 2203 روپے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے ۔ گزشتہ سال مکئی کی قیمت 1962 روپے فی کوئنٹل تھی جسے بڑھا کر 2090 روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے ۔ ایک پریس کانفرنس میں کابینہ کے فیصلے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے خوراک کی فراہمی اور صارفین کے امور کے وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ سال 2022-23 میں مونگ کی کم از کم امدادی قیمت 7755 روپے فی کوئنٹل تھی، جسے بڑھا کر 8558 روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے ۔ ارہر دال کی قیمت گزشتہ سال 6600 روپے فی کوئنٹل تھی جسے بڑھا کر 7000 روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے ۔ اُرد کی قیمت 6600 روپے فی کوئنٹل سے بڑھا کر 6950 روپے فی کوئنٹل اور مونگ پھلی کی کم از کم امدادی قیمت 5850 روپے فی کوئنٹل سے بڑھا کر 6377 روپے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے ۔ مرکزی کابینہ نے گروگرام میں ہوڈا سٹی سنٹر سے سائبر سٹی تک میٹرو لائن کی توسیع کوبھی منظوری دے دی ہے جس پر 5452 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو یہاں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی ہے ۔یہ لائن 28.5 کلومیٹر لمبی ہوگی اور اس میں 27 اسٹیشن ہوں گے اور بسئی ڈپو کے ذریعے دوارکا ایکسپریس وے کو بھی جوڑے گی۔اسٹینڈرڈ گیج کی یہ لائن پوری طرح ایلویٹڈ ہوگی اوربسئی گاؤں کے قریب اسے ڈپو سے جوڑا جائے گا۔یہ پروجیکٹ منظوری کے بعد چار سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا اور اسے ایک خصوصی انڈر ٹیکنگ ‘ہریانہ ماس ریپڈ ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن’ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں مرکزی حکومت اور ہریانہ کی 50-50 حصہ داری ہوگی۔اس لائن کے ذریعے نئے گروگرام کو پرانے گروگرام سے جوڑا جائے گا۔ اس کے اگلے مرحلے میں اسے اندرا گاندھی ایئرپورٹ سے جوڑا جائے گا۔اس پر بننے والے اسٹیشنوں میں ہوڈا سٹی سنٹر، سیکٹر 45، سائبر پارک، سیکٹر 47، سبھاش چوک، سیکٹر 48، سیکٹر 72 اے ، ہیرو ہونڈا چوک، ادیوگ وہار فیز 6، سیکٹر 10، سیکٹر 37، بسئی گاوں، سیکٹر 9، سیکٹر 7، سیکٹر 4، سیکٹر 5، اشوک وہار، سیکٹر 3، بجھگیڑا گاؤں، پالم وہار ایکسٹینشن، پالم وہار سیکٹر 23 اے ، سیکٹر 22، ادیوگ وہارفیز 4، ادیوگ وہار فیز 5 اور سائبر سٹی شامل ہیں۔