جے پور: امام ربانی سینئر سیکنڈری بپلک اسکول جے پور نے اپنی نمایاں کامیابی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس سال بھی راجستھان بورڈ میں قابل رشک کامیابی حاصل کی ہے اور اسکول کی طالبہ صالحہ نے 95 فیصد نمبر حاصل کرکے اسکول کا نام روشن کیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر طالبات معظمہ 93.17 فیصد، شینہ بانو انصاری نے 91.17 فیصد نمبر، ثانیہ طالب نے 90.83 فیصد، وجیہہ اختر نے 89.50 فیصد اور سودہ انصاری نے 87 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔امام ربانی گروپ آف اسکول کی وائس چیئرمین ثمرہ سلطانہ نے بتایا کہ اس کے علاوہ 50 سے زائد طلباء فرسٹ ڈویژن کے ساتھ پاس آؤٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اساتذہ، والدین اور اسکول کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ نے اپنی حد سے آگے بڑھ کر طلبہ سے محنت کروائی، کہتے ہیں کی محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے ایمانداری اور سچی لگن سے جو کام کیا جاتا ہے اس میں اللہ کامیابی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ایکسٹرا کلاسز لگوائیں۔ انہوں نے کہاکہ ربانی اسکول کا مقصد ”بچوں کو خواب دیکھنا ہی نہیں بلکہ اس خواب کو سچ کرنا بھی سکھایا جاتا ہے“۔انہوں نے طلبہ سے مزید محنت کرنے اور اس شاندار نتیجہ پر مطمئن نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ”جو محنت کرنا نہیں جانتے تاریخ گواہ ہے ان کو دنیا والے نہیں پہچانتے“۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی اس بے مثال کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امام ربانی گروپ آف اسکول کے چیئرمین اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے اول، دوم اور سوم آنے والی طالبات کے لئے گیارہ گیارہ ہزار روپے کا ترغیبی انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ساتھ ہی مولانا مجددی نے کہا کہ اس مسلم ادارے میں وقتاً فوقتاً بچیوں کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تعلیم کی بہتری کے لیے بھی کوششیں کی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں یہ علاقہ تعلیم میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر محمد شعیب نے اسکول کی کامیابی کا سہرا والدین کی محبت اور اعتماد کو قرار دیتے ہوئے روشن کیریئر کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور سب کی حوصلہ افزائی کی اور بچیوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔