اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں شدید کہرے کے سبب یمنا ایکسپریس وے مائلسٹون 142 کے پاس ایک شدید سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ اس حادثہ میں 3 لوگوں کی دردناک موت ہوگئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تینوں مہلوکین کی لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔سعد آباد کوتوالی علاقہ میں یمنا ایکسپریس وے پر گاؤں میں مڈھاولی کے پاس مائلسٹون 142 پر تین کینٹر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثہ میں تینوں کینٹر ڈرائیوروں کی موقع پر ہی جان چلی گئی۔ تینوں مہلوکین کی شناخت ہو گئی ہے اور ان کے اہل خانہ کو حادثہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس نے تینوں گاڑیوں کو بھی وہاں سے ہٹوا دیا ہے اور آمد و رفت پہلے کے مطابق شروع ہو گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آگرہ سے نوئیڈا کی طرف ایک کینٹر جا رہا تھا۔ اس کے پیچھے ایک کینٹر دوسرے کینٹر کو زنجیر سے باندھ کر لے جا رہا تھا۔ اسی دوران گاؤں مڈھاولی کے نزدیک ٹوچن والی زنجیر ٹوٹ گئی۔ دونوں کینٹر کے ڈرائیور اسے ٹھیک ہی کر رہے تھے کہ تبھی ایک دیگر تیز رفتار کینٹر نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں تینوں کینٹر ڈرائیور کی موت ہو گٓئی۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے وقت شدید کہرا تھا جس کی وجہ سے گاڑی ڈرائیور کو صاف طور پر دکھائی نہیں دے رہا تھا، جس کے سبب تینوں گاڑیوں میں زوردار ٹکر ہو گئی۔