پونے:مہاراشٹر کے پونے ضلع میں تیندوے کے حملے میں ایک سات سال کے بچے کی موت ہو گئی ہے۔ واقعہ جمعہ کی رات کا ہے۔ بچے کے والدین آپس میں جھگڑا کر رہے تھے اور اس دوران بچہ گھر سے باہر نکل گیا۔ وہ گنّے کے کھیتوں کی طرف چلا گیا جہاں ایک خونخوار تیندوے نے اس پر حملہ کر دیا جس سے اس کی موت ہوگئی۔
یہ واقعہ پونے کے شرور تعلقہ کا ہے۔ ایک افسر نے اتوار کو جانکاری دی کہ تیندوے کے حملے میں ایک سات سال کے بچے کی موت ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ مانڈوگن کے فرتا گاؤں میں پیش آیا جب ونش راج کمار سنگھ نامی بچہ گنّے کے کھیتوں کی طرف چلا گیا ۔
افسران نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بچے کے والدین اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے رہنے والے ہیں، وہ ایک گڑ پیداوار یونٹ میں کام کرنے کے لیے پونے کے شرور تحصیل میں رہتے تھے۔ جمعہ کی رات ان کے درمیان کسی بات کو لے کر کہا سنی ہوگئی۔ بچہ ونش ماں باپ کے جھگڑے کے درمیان گھر سے نکل گیا اور گنّے کے کھیتوں کی طرف چلا گیا جہاں جھاڑیوں میں چھپے تیندوے نے اس پر جان لیوا حملہ کر دیا۔ فیکٹری انتظامیہ نے پولیس کو تیندوے کے اس حملے کے بارے میں مطلع کیا ہے۔