پٹنہ :وزیر اعلیٰ نتیش کمار جمعرات کی شام پھلواری شریف کے خانقاہ مجیبیہ پہنچے۔ وہاں انہوں نےپیر محمد مجیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ کی درگاہ شریف پر چادر چڑھائی اور بہار کی سلامتی کے لیے دعا کی۔ ہر سال عرس کے موقع پر پھلواری شریف کے خانقاہِ مجیبیہ میں میلے کا انعقاد ہوتا ہے۔وزیر اعلیٰ کے خانخاہ پہنچنے کے بعد خانقاہ کے جنرل سکریٹری مولانا سید منہاج الدین اوردیگر اراکین نے ان کا استقبال مومنٹو اور پھولوں کے گلدستےسے کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہ وہ سالانہ عرس کے موقع پر چادر پوشی کے لیے یہاں آتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آکر انہوں نے چادر پوشی کے بعد بہار کے امن اور ترقی کی خواہش کی ہے۔
اس موقع پر پھلواری شریف میونسپل کونسل کے چیئرمین آفتاب عالم نے کہا کہ یہاں ہر سال عرس اور زیارت کے موقع پر میلہ لگایا جاتا ہے۔ اس زیارت میں ملک و بیرون ملک سے عقیدت مند یہاں پہنچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ درگاہ شریف پر لوگوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی درازی عمر کے لیے دعا کی اور وزیر اعلیٰ کے مستقبل میں ملک کے وزیر اعظم بننے کی دعا بھی کی۔
عید میلادالنبی کے موقع پرہر سال عرس اور زیارت کا انعقاد ہوتا ہے۔اس موقع پر ملک کے دیگر حصوں میں بھی جمعرات کو جلوس نکالے گئے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں بارگاہ رسالت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کو عقیدت کے نذرانے پیش کئے گئے اورملک میں امن اورترقی و کیلئے دعائیں کی گئیں ۔دہلی میں مرکزی انجمن عید میلاد النبیؐ کی جانب سے جلوس کا اہتمام کیا گیاجبکہ جلوس سے قبل جلسہ سیرت النبی منعقد ہوا جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماوں نے شرکت کی۔جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت شریف کے بعد مولانا آزاد عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری دنیا کو امن و امان، بھائی چارہ، یکجہتی کا پیغام دیا۔ آج پھر موقع آیا ہے کہ ہم اس پیغام کو عام کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان تو یہ تھی کہ آپ زخم کھا کر بھی دعائیں دیتے کیونکہ رب نے آپ کو رحمت العالمین بنا کر بھیجا تھا۔