نئی دہلی : ایشیا کپ 2023 کا انعقاد 30 اگست سے پاکستان اور سری لنکا میں ہورہا ہے۔ کافی طویل عرصے بعد گزشتہ مہینے ہی انعقاد کے مقام اور شیڈول کا اعلان ہوا تھا۔ وجہ یہ تھی کہ بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان رسہ کشی جاری تھی۔ بہرحال، اب کُل چار میچ پاکستان، تو نو میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں کُل چھ ممالک حصہ لینے جارہے ہیں۔ میزبان پاکستان کے علاوہ، ہندوستان، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ ان ٹیموں کو تین تین کے گروپ میں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرفہرست دو ٹیمیں سوپر4 راونڈ میں پہنچیں گی۔
اب تک دو ممالک پاکستان اور بنگلہ دیش نے ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ 4 ٹیموں کا اعلان ہونا باقی ہے۔ اس میں ہندوستان بھی شامل ہے جہاں ٹیم کے حوالے سے کنفیوژن اور غوروفکر جاری ہے۔ تاہم، پاکستان اور بنگلہ دیش نے اپنی اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ پاکستان کی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، انعام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان، محمد نواز اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم میں شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنجد حسن تمیم، نجم الحسن، شانتو، توحید ردائے، مشفق الرحیم، مہدی حسن معراج، تسکین احمد، مستفیض الرحمن، حسن محمود، مہدی حسن، نسیم احمد، شمیم حسین، عفیف حسین، شریعت الاسلام، عبادت حسین اور محمد نعیم کو شامل کیا گیا ہے ۔