ہندوستان نے ایک بڑے دفاعی سودے کی شکل میں فرانس سے 26 رافیل جنگی طیارے اور 3 اسکارپین درجہ کے روایتی آبدوز خریدنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ڈیفنس ایکویزیشن کونسل یعنی دفاعی حصول کونسل نے اس سلسلے میں منظوری بھی دے دی ہے۔ ایک ڈیفنس افسر نے جمعرات کے روز بتایا کہ دفاعی کونسل نے ہندوستانی بحریہ کے لیے تین اضافی اسکارپین درجہ کے آبدوز کے ساتھ 22 رافیل ایم اور 4 ٹو سیٹر والے ٹرینر ایڈیشنز یعنی مجموعی طور پر 26 رافیل جنگی طیارے خریدنے کی تجویز کو منظوری دی۔
واضح رہے کہ دفاعی کونسل کی یہ منظوری ایسے وقت میں ملی ہے جب وزیر اعظم نریندر مودی فرانس کے دورہ پر ہیں۔ پی ایم مودی 13 سے 14 جولائی تک دورۂ فرانس پر ہیں جہاں 14 جولائی کو نیشنل ڈے کے موقع پر ’بیسٹل ڈے پریڈ‘ میں بطور مہمانِ خصوصی شامل ہوں گے۔ اس دورہ کے دوران پی ایم مودی 26 رافیل سمندری جنگی جہاز (رافیل ایم) اور 3 اسکارپین کیٹگری کے روایتی آبدوز خریدنے کے لیے اربوں ڈالر کے سودے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی بحریہ کو چار ٹرینر طیاروں کے ساتھ 22 سنگل سیٹیڈ رافیل سمندری طیارے ملیں گے۔ بحریہ ان جنگی طیاروں اور آبدوزوں کو فوراً حاصل کرنے کے لیے دباؤ بنا رہی تھی، کیونکہ ملک بھر میں سیکورٹی چیلنجز کے مدنظر ان کی کمی ہو رہی تھی۔ ہندوستانی بحریہ اپنے طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرمادتیہ اور وکرانت پر تعینات کرنے کے لیے پرانے مگ-29 کی جگہ پر ایک موافق جنگی طیارہ کی تلاش کر رہی تھی۔