بہار میں انتخاب سے عین قبل مرکزی حکومت نے ریاست کو کچھ ’انتخابی سوغات‘ دینے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے 10 ستمبر کو بہار اور پڑوسی ریاستوں میں رابطہ بڑھانے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 7616 کروڑ روپے کے 2 بڑے پروجیکٹ کو منظوری دی ہے۔ ان اعلانات کے ساتھ اب تک مودی حکومت نے بہار کو 11 لاکھ کروڑ روپے کی تجاویز کو منظوری دے دی ہے۔
مودی کابینہ کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کی بریفنگ کرتے ہوئے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ 3169 کروڑ روپے کے خرچ سے بھاگلپور-دُمکا-رامپور ہاٹ ریل لائن کی دوہری کاری کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 4447 کروڑ روپے کے خرچ سے بکسر-بھاگلپور ہائی اسپیڈ کوریڈور میں 4 لائنوں والی شاہراہ مکامہ-مونگیر ڈویژن کی تعمیر کو منظوری دی گئی ہے۔
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اس کوریڈور سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’یہ بکسر سے بھاگلپور کوریڈور کا ایک حصہ ہے۔ اس میں 4447 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ یہ جنوبی بہار کا ایک اہم پروجیکٹ ہے۔ اس کی لمبائی مکامہ سے مونگیر تک 82 کلومیٹر ہے۔ اس پروجیکٹ کے سبب تقریباً ایک گھنٹے کا وقت بچے گا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’کابینہ نے بھاگلپور-دمکا-رامپور ہاٹ ریلوے لائن ڈویژن (177 کلومیٹر) کی دوہری کاری کو منظوری دی، جس پر مجموعی خرچ 3169 کروڑ روپے ہوگا۔ یہ بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کو جوڑنے والا ایک اہم پروجیکٹ ہے۔













