پٹنہ:لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے آئندہ اسمبلی انتخاب میں ویشالی ضلع کے ’مہوا‘ سے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ہفتہ (26 جولائی) کی شام پٹنہ میں اپنی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ اس بار اپنی نئی سیاسی اننگ کا آغاز مہوا سے کریں گے۔ تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ ’’ہاں، میں اس بار مہوا حلقہ سمبلی سے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑوں گے۔ میرے مخالفین کو اب کھجلی ہونے لگی ہوگی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام لوگوں کی بھرپور حمایت ان کے ساتھ ہے اور ’ٹیم تیج پرتاپ یادو‘ نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ بڑی تعداد میں لوگ ان کے ساتھ منسلک ہو چکے ہیں۔
تیج پرتاپ یادو نے یہ بھی کہا کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے جو نوجوانوں، روزگار، تعلیم اور صحت کی بات کریں گے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ چاچا (نتیش کمار) اس بار وزیر اعلیٰ نہیں بن پائیں گے۔ واضح ہو کہ تیج پرتاپ یادو فی الحال سمستی پور ضلع کے حسن پور سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ لیکن اب انہوں نے اس ’مہوا‘ سیٹ سے دوبارہ انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں سے انہوں نے 2015 میں اپنی سیاسی اننگ شروع کی تھی۔ مہوا سے 2015 میں پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ریاستی حکومت میں بطور وزیر خدمات بھی انجام دی تھیں۔ لیکن 2020 کے اسمبلی انتخاب میں انہوں نے مہوا کے بدلے حسن پور سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا اور یہاں سے بھی انہیں کامیابی ملی۔