بیگوسرائے:کانگریس رہنما راہل گاندھی آج بہار کے دورے پر ہیں۔ وہ آج صبح تقریباً پونے دس بجے پٹنہ ہوائی اڈے پر پہنچ گئے۔ یہاں پر ان کے استقبال کے لیے این ایس یو آئی کے قومی انچارج کنہیا کمار موجود تھے۔ راہل گاندھی تقریباً 10:10 بجے بیگوسرائے کے لیے روانہ ہوئے۔اس دوران بیگوسرائے پہنچنے پر راہل گاندھی کا سبھاش چوک پر کنہیا کمار نے کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ والہانہ استقبال کیا۔ راہل کی اپیل پر کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں نے سفید ٹی شرٹ پہنی ہے۔
بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر کانگریس پوری طرح سے سرگرم ہو چکی ہے۔ اس کے تحت پارٹی نے کنہیا کمار کی قیادت میں ’پلاین روکو، نوکری دو‘ پد یاترا شروع کر دی ہے۔ اسی پد یاترا میں شرکت کے لیے راہل گاندھی بہار پہنچے ہیں۔اس دوران کانگریس پارٹی کی طرف سے سوشل میڈیا پر لکھا گیا کہ آج راہل گاندھی نے ’پلاین روکو، نوکری دو یاترا‘ میں قدم سے قدم ملا کر یاترا کے پیغام کو مضبوطی کے ساتھ بلند کیا۔ بہار کے نوجوانوں کو منتقلی نہیں، انہیں خود کی ریاست میں روزگار ملے۔ یہ ہماری یاترا کا ہدف ہے۔ یہ یاترا بہار کے جدوجہد کی آواز اور امید ہے۔ ہم برسوں سے ناانصافی جھیل رہے ہیں۔ ریاست کے نوجوانوں کو ’انصاف کا حق‘ دلا کر رہیں گے۔
پد یاترا کے دوران راہل گاندھی کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کے رہنما، کارکنان اور حامیان قدم سے قدم ملا کر چلتے رہے۔ اس دوران راہل نے لوگوں کا استقبال قبول کرتے ہوئے ہاتھ اوپر اٹھا کر ان کا شکریہ کہا۔ ساتھ میں کنہیا کمار بھی پُرجوش قدموں سے آگے بڑھتے رہے۔بیگوسرائے کے آئی ٹی آئی میدان سے ’پلاین روکو، نوکری دو‘ پد یاترا شروع ہوئی۔ اس میں کانگریس کارکنان کی کافی بھیڑ نظر آ رہی ہے۔ راہل گاندھی پد یاترا میں شامل ہونے کے بعد دوپہر ایک بجے جوبلی ڈھابہ کے قریب کنہیا کمار پریس کانفرنس کریں گے۔ راہل گاندھی کی پد یاترا کو لے کر بیگوسرائے میں کانگریس کارکنان میں کافی جوش دیکھا جا رہا ہے۔ گاجے باجے کے ساتھ کانگریس کارکنان جھومتے اور گاتے نظر آ رہے ہیں۔