بہار کے پورنیہ تھانہ حلقہ کے ڈوکوا گاؤں میں خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک سنکی نوجوان نے شراب کے نشے میں پک اَپ وین سے کئی لوگوں کو روند ڈالا۔ اس حادثہ میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 8 دیگر افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جنہیں علاج کے لیے مایا گنج ریفر کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اتوار کی رات 9:30 بجے پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق نوجوان نشے کی حالت میں تھا اور اس نے معمولی تنازعہ کی وجہ سے کئی لوگوں کو اپنی پک اَپ وین سے کچل دیا۔ اطلاع کے مطابق ڈوکوا گاؤں میں ارون منی پنچایت بھون کے پاس بیٹھا ہوا تھا، وہ شراب کے نشے میں شور مچا رہا تھا۔ اسی کو لے کر اسے گاؤں کے کچھ لوگوں نے پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ یہاں سے جاؤ۔
اسی بات کو لے کر تنازعہ بڑھ گیا اور ارون وہاں سے اپنے گھر گیا۔ گھر پر جاکر اس نے اپنا پک اَپ وین اسٹارٹ کیا اور اسے فُل اسپیڈ میں لے کر آیا۔ اس دوران سڑک کے کنارے جو بھی ملا اسے روندتے ہوئے وہاں سے فرار ہو گیا۔ اس دوران اس نے درجنوں لوگوں کو اپنا شکار بنایا اور بے رحمی سے انہیں کچلتے ہوئے آگے بڑھ گیا۔ بچے اور بزرگ کسی کو بھی اس نے نہیں بخشا۔
اس واقعہ میں دو لوگوں کی موت موقع پر ہی ہو گئی جبکہ ایک درجن افراد زخمی ہیں۔ علاج کے دوران 3 معصوم نے دم توڑ دیا وہیں 2 کی حالت ابھی نازک بنی ہوئی ہے۔ مہلوکین میں جیوتش ٹھاکر (60)، سنجیتا دیوی (50)، منیشا کماری (13)، اکھلیش منی (13) اور امردیپ (6) شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ اس خوفناک معاملے کی جانچ جاری ہے۔