بہرائچ: یوپی کے بہرائچ میں ایک آدم خور بھیڑیے نے ایک بار پھر ایک خاتون پر حملہ کر دیا۔ خاتون گھر کے اندر سو رہی تھی کہ بھیڑیے نے اس پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ خیال رہے کہ پانچویں بھیڑیے کے پکڑے جانے کے بعد ایک بھیڑیا رہ گیا ہے، جس نے مسلسل چوتھے دن حملہ کیا۔ زخمی خاتون کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔معلومات کے مطابق یہ واقعہ بہرائچ ضلع کے مہسی علاقے میں پیش آیا۔ یہاں آدم خور بھیڑیوں کی دہشت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ رات سنگیا نصیر پور گاؤں میں 28 سالہ خاتون کو گھر کے اندر سوتے ہوئے بھیڑیے نے حملہ کر دیا۔ خاتون کی گردن اور سینے پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔
یہ چوتھا دن ہے کہ آدم خور بھیڑیوں نے اس علاقے پر حملہ کیا ہے۔ بھیڑیوں کے حملے سے زخمی ہونے والی خاتون کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ رینج فارسٹ آفیسر (آر ایف او) زخمی خاتون سے ملنے میڈیکل کالج پہنچے اور واقعہ کی معلومات حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا۔ مقامی لوگوں نے سکیورٹی کے حوالے سے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔محکمہ جنگلات نے پانچ بھیڑیوں کو پکڑ لیا ہے۔ اس کے باوجود حملے رک نہیں رہے ہیں۔ گاؤں والوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ محکمہ جنگلات کے اہلکار چھٹے بھیڑیے کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بھیڑیوں کی وجہ سے دیہاتی اپنے گھروں میں بھی خوف سے آزاد نہیں ہیں۔ مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے بھیڑیوں کے سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔