پٹنہ: بہار میں اپوزیشن لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے ریاست میں بڑھتے جرائم پر نتیش کمار کی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں اس ریکارڈ توڑ مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور جرائم کا ذمہ دار کون ہے؟تیجسوی یادو نے ہفتہ کو مہنگائی، بے روزگاری اور جرائم کو لے کر ‘ڈبل انجن’ حکومت پر سوال اٹھائے۔ سابق ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا، ’’مہنگائی کے معاملہ میں ملک بھر میں بہار سر فہرست ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ غریبی، بے روزگاری اور جرائم بہار میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’’بہار نیتی آیوگ کے کے پائیدار ترقی کے انڈیکس میں سب سے نیچے ہے، آمدنی اور غربت کے خاتمے میں بھی سب سے نیچے ہے۔ بھوک، معیاری تعلیم اور صنفی مساوات میں بھی بہار سب سے نیچے ہے۔‘‘انہوں نے سوال کیا، ’’اس سب کا ذمہ دار کون ہے؟ بہار میں 15 سال سے زیادہ عرصے سے این ڈی اے کی حکومت ہے اور مرکز میں 10 سال سے ان کی ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ ہماری 17 ماہ کی سروس کے دوران روزگار، تعلیم، صحت وغیرہ کے شعبوں میں ریکارڈ توڑ تقرریاں اور غیر متوقع ترقیاتی کام ہوئے۔