نئی دہلی :ہندوستان میں سہ پہر تقریباً 3.30 بجے کے بعد ایئرپورٹس پر ایک افرا تفری والی حالت پیدا ہو گئی جب مائیکروسافٹ کلاؤڈ کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ حالت ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں دیکھنے کو مل رہی ہے۔ مائیکرسافٹ کلاؤڈ میں تکنیکی خامی کے سبب عالمی سطح پر زبردست آئی ٹی آؤٹیج کا سامنا ہے۔ مختلف شعبوں میں کام ٹھپ پڑ گئے ہیں، لیکن ہوائی بازی کے شعبہ میں حالات کچھ زیادہ ہی دگر گوں ہیں۔ ہندوستان اور امریکہ میں تقریباً 300 پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا ہے اور دنیا بھر میں ہزاروں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں صرف انڈیگو ایئرلائنس کے ذریعہ ہی 200 پروازوں کی منسوخی کی خبر دی گئی ہے۔ موجودہ حالات میں ایئرپورٹس پر ہنگامی حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ کچھ ایئرپورٹس سے تو ایسی خبریں آ رہی ہیں کہ لوگوں کی انٹری اور ایگزٹ پر بھی تھوڑی دیر کے لیے روک لگا دی گئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ کئی ایئرلائنس کمپنیوں کی فلائٹس کینسل ہوئی ہیں۔ اس تکنیکی خامی کے سبب فلائٹ بکنگ، کینسلیشن سے لے کر چیک اِن تک کی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فرنٹیر، ایلیگنٹ اور سَن کنٹری جیسی بڑی ایئرلائنس کمپنیوں کی خدمات بھی مائیکروسافٹ کلاؤڈ آؤٹیج کی وجہ سے ٹھپ ہو گئی ہیں۔ فرنٹیر نے کہا ہے کہ وہ معمول کے مطابق خدمات از سر نو شروع کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ سَن کنٹری نے موجودہ حالات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ تھرڈ پارٹی وینڈر نے اس کی بکنگ اور چیک اِن سہولیات کو متاثر کیا۔ اسی طرح ایلیگنٹ نے سی این این کو دیے ایک بیان میں کہا کہ مسائیکروسافٹ ازورے میں دقت کے سبب ایلیگنٹ ویب سائٹ ڈاؤن ہے۔ رپورٹ کے طمابق اس تکنیکی خامی کے سبب فرنٹیر نے 147 پروازیں منسوخ کی ہیں اور 212 کا وقت بدلا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایلیگنٹ کی 45 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ سَن کنٹری کی بھی 23 فیصد پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کمیونکیشن میں مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے امریکی ایئرلائنس نے تو اپنی سبھی پروازیں روک دی ہیں۔