دوسہ: راجستھان کے دوسہ ضلع کے لالسوت علاقے میں فوڈ پوازننگ کے سبب 107 افراد بیمار ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ علاقے کے بلونا گاؤں میں بدھ کی رات شادی کی تقریب کے دوران ان لوگوں نے مشری ماوا کھایا تھا۔لالسوت کے چیف بلاک میڈیکل آفیسر (بی سی ایم او) ڈاکٹر پون جین نے بتایا کہ کل رات بلونا گاؤں میں شادی کی تقریب چل رہی تھی۔ ان لوگوں نے پروگرام میں مشری ماوا کھایا اور کچھ دیر بعد انہیں پیٹ میں درد، قے اور اسہال کی شکایت شروع ہو گئی۔ یکے بعد دیگرے فوڈ پوائزننگ کا شکار ہونے والے افراد کو بلونا کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کیا گیا۔
کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بلونا میں فوڈ پوائزننگ میں مبتلا افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا اور بیمار افراد کی تعداد 107 ہو گئی۔ دوسری جانب کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں 80 افراد کو داخل کر کے علاج کیا گیا جس کے بعد داخل مریضوں کے لیے بستروں کی کمی اور ان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث کچھ مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال لالسوت ریفر کر دیا گیا، جہاں 27 افراد کا علاج کیا گیا۔