پٹنہ: جنوری 2024 جن بچوں کی حاضری 75 فیصد ہوگی وہی اگلے سال میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بیٹھ سکیں گے ۔ بہار اسکول ایگزامینیشنبورڈ نے تمام تعلیمی اداروں کو بہار بورڈ کے سالانہ امتحان میں لڑکوں اور لڑکیوں کی موجودگی سے متعلق سرکولر جاری کردیا ہے۔ اب سکولوں میں 75 فیصد حاضری کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اب اس سلسلے میں والدین کو حلف نامہ بھی دینا ہوگا۔ اسکول میں بچوں کی غیر حاضری کے ذمہ دار والدین ہوں گے۔
حلف نامہ کا فارمیٹ بی ایس ای بی پٹنہ نے تمام سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ساتھ ساتھ انٹرمیڈیٹ کالجوں کو بھیجا ہے۔ اسکول انتظامیہ طلبا کو حلف نامے کی کاپی دے گی جس کے بعد والدین حلف نامہ پُر کریں گے۔ اس میں والدین کو لکھنا ہوگا کہ ‘میرے بچے باقاعدہ اسکول جائیں گے۔ اگر سکول میں 75 فیصد حاضری نہیں ہوتی اور بورڈ کے امتحان سے روکا جاتا ہے تو اس کے ذمہ دار ہم ہوں گے۔ سرکاری اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے 75 فیصد حاضری کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مکھیہ منتری سائیکل یوجنا، مکھیہ منتری ڈریس یوجنا، مکھیہ منتری پروٹساہن یوجنا، مکھیہ منتری کشوری سوستھیا یوجنا وغیرہ کے فائدے کے لیے 75% حاضری ضروری ہے۔
سال 2022 تک امتحان میں شرکت کے لیے حاضری لازمی نہیں تھی لیکن اب امتحان میں شرکت کے لیے حاضری کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس سے قبل طلبہ کے لیے صرف میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سینٹ اپ امتحان میں شرکت لازمی تھی۔