بیگوسرائے: بیگوسرائے میں دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ آج یہاں قومی شاہراہ 31 پر صبح میں ایک سڑک حادثے میں 4 باراتیوں کی موت ہو گئی جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو اٹھا کر علاج کے لیے صدر اسپتال میں داخل کرایا جبکہ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا۔
واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ باراتیوں سے بھری ایک اسکارپیو گاڑی ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد اس کے پرخچے اڑ گئے۔ اسکارپیو پر 9 باراتی سوار تھے۔ ڈاکٹر پھولینا مہتو نے بتایا کہ ان کے بھتیجے ابھیشیک کی شادی تھی۔ نگر نگم کے پہاڑ چک سے صاحب پور کمال تھانہ کے تحت جعفر نگر گاؤں بارات گئی تھی۔
شادی کے بعد باراتی اسکارپیو پر سوار ہو کر اپنے گھر پہاڑ چک لوٹ رہے تھے۔ تبھی کھاتو پور چوک پہنچتے ہی اسکارپیو گاڑی ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ اس خوفناک سڑک حادثہ میں چار بارتیوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 5 افراد زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
مہلوکین کی پہچان مفصل تھانہ علاقہ کے پہاڑ چک باشندہ منوج سنہا کے بیٹے انکت کمار (19) اور ابھیشیک کمار (20)، رودل پاسوان کے 18 سالہ بیٹے سوربھ اور جگدیش پنڈت کے بیٹے کرشن کمار (18) کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں ببلو مہتو، گولو کمار، سجیت کمار اور انشو ساہ شامل ہیں۔
اس دردناک حادثہ پر جنتادل یو ضلع صدر رودل رائے، سابق میئر سنجے سنگھ، سابق ڈپٹی میئر راجیو رنجن، بی جے پی رہنما اور وکیل امریندر کمار امر، ڈاکٹر رام ریکھا، جنتادل یو رہنما ارون مہتو نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔