گجرات کے بناس کانٹھا ضلع میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ریت سے بھرا ایک ڈمپر ٹرک مزدوروں پر اُلٹ گیا۔ اس حادثے میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی شام ضلع کے کھینگر پور گاؤں میں اس وقت ہوا جب وہاں سڑک کی تعمیر کا کام ہو رہا تھا۔
ڈی ایس پی ایس۔ایم۔ وروٹاریا نے بتایا کہ ڈرائیور نے ڈمپر کو ایک تنگ راستے سے آگے بڑھانے کی کوشش کی، اس دوران سڑک کی تعمیر میں لگے مزدوروں کے ایک گروپ پر ٹرک اُلٹ کر گر گیا۔ افسروں کے مطابق کرین اور بلڈوزر کی مدد سے ٹرک کے نیچے پھنسی خواتین اور بچے کو باہر نکالا گیا جس میں دو گھنٹے کا وقت لگا۔ اس کے بعد ٹرک کی زد سے باہر نکالے گئے لوگوں کو قریب کے ہی سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
تھراڈ کے سرکاری اسپتال کے طبی افسر جئے دیپ ترویدی نے بتایا کہ 4 لوگوں کو جب اسپتال لایا گیا تھا اس وقت ان کی موت ہو چکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اس واقعہ کے بارے میں اطلاع دے دی گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کرنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔افسروں کے مطابق مہلوکین کی پہچان رینوکا بین گنوا (24)، سونل بین نیناما (22)، ایلابین بھابھور (40) اور رُودرا (2) کے طور پر ہوئی ہے۔
واضح ہو کہ اس سے پہلے گجرات کے ڈانگ ضلع میں بس حادثہ ہوا تھا۔ ساپوتارا ہل اسٹیشن کے پاس 2 فروری کو صبح سویرے عقیدت مندوں کو لے جا رہی ایک پرائیویٹ لکژری بس گہری کھائی میں گر گئی تھی۔ نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق اس دردناک حادثے میں 5 لوگوں کی جان چلی گئی تھی جبکہ 17 دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔