احمد آباد: گجرات میںگرباکھیلنے کے دوران پڑ رہے دل کے دورے کے واقعات میں اچانک اضافہ کی خبر ہے۔حالات کے پیش نظرصحت سے منسلک الرٹ جا ری کردیا گیا ہے ۔خبر کے مطابق خصوصاً نوجوان دل کے دورے کا شکار ہو رہے ہیں۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹے میں دل کا دورہ پڑنے سے 12 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ گذشتہ چند دنوں سے ریاست میں نوجوانوں میں دل کے دورے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں لیکن تشویش کی بات یہ ہے کہ نوعمر اور نوجوان اس کا شکار ہو رہے ہیں۔راجکوٹ میں ایک 28 سالہ شخص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا، جب کہ رایا روڈ پر ایک بلڈر کو دل کا دورہ پڑا۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ بھی دم توڑ گیا۔ احمد آباد کے ہاٹیجن میں گربا کے دوران ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ دوارکا، گریٹر امبالا اور رام نگر میں بھی 3 نوجوانوں کی موت ہوئی ہے۔ سورت میں بھی گذشتہ 24 گھنٹے میں دل کا دورہ پڑنے سے 2 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
وہیں وڈودرا کے ہرنی علاقے میں گربا کھیلتے ہوئے ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔ دابھوئی میں بھی 13 سالہ لڑکا دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ نوساری میں بھی گربا کھیلنے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ایک نوجوان کی موت کی خبر ہے۔ نوراتری کے دوران نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کی تعداد بڑھنے سے بے چینی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ امریلی کے 23 سالہ دنیش شیال کی نوراتری کی تقریبات کے دوران موت ہو گئی۔ اسی طرح امریلی میں ایک 46 سالہ رکشہ چلانے والے اوغاد مندھوا کو کام کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑا اور اس کی موت ہوگئی۔
دو کسان- کنجریا ویلجی رنمل (42) اور رام جی دمجی نکم (52) – بھی دیو بھومی دوارکا ضلع میں فوت ہوگئے۔ ابتدائی رپورٹس میں دل کا دورہ پڑنے کو بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ دوارکا سے نکم کے اہل خانہ نے دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی اور اس بات کی بھی تصدیق کی کہ "انہیں کسی بیماری کی کوئی تاریخ نہیں تھی اور وہ 52 سال کی عمر میں بہت اچھی صحت میں تھے۔