آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے یکساں سول کوڈ (یو سی سی) پر ایک اجلاس کا انعقاد کیا۔ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں یو سی سی کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ سے وابستہ تمام وکلا موجود تھے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اجلاس کے دوران فیصلہ لیا کہ یونیفارم سول کوڈ کے تعلق سے ایک مسودہ تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بورڈ سے وابستہ تمام افراد لا کمیشن کے چیئرمین سے ملاقات کا وقت مانگیں گے اور بورڈ اپنا مسودہ لا کمیشن کو سونپ دے گا۔ بورڈ کے اس اجلاس میں وزیر اعظم مودی کے بیان بھی ذکر کیا گیا۔
ادھر وزیر اعظم مودی کے بیان پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے سوال کیا کہ آخر وزیر اعظم مودی پاکستان سے ترغیب کیوں لے رہے ہیں؟ کیا یو سی سی کے نام پر ملک کی تکثریت اور تنوع کو چھین لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مدھیہ پردیش میں بی جے پی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے یو سی سی کی وکالت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں صرف ایک نظام ہونا چاہئے اور یو سی سی پر جو بھی خدشات ہیں پارٹی انہیں دور کرنے کی مہم چلائے گی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا ’’دوہرے نظام سے ملک کیسے چلے گا؟ آئین میں بھی تمام شہریوں کے لیے یکساں حقوق کا ذکر ہے۔