نئی دہلی :ملک کا 42 واں بین الاقوامی تجارتی میلہ آج سے لوگوں کے لیے کُھل گیا۔ نئی دہلی کے پرگتی میدان میں جاری یہ میلہ اس ماہ کی 27 تاریخ تک چلے گا۔ اس میلے کا موضوع وسودھیو کمٹبکم پر مبنی ہے جو تجارت میں باہمی ارتباط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ میلے میں 13 ملکوں کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ بہار اور کیرالہ میلے کی پارٹنر ریاستیں ہیں جبکہ دلی، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مہاراشٹر اور اترپردیش توجہ کا مرکز والی ریاستیں ہیں۔
سرس آجیوکا میلہ ،کھادی میلہ اور جغرافیکل انڈیکیشن پویلین اِس تجارتی میلے میں خصوصی توجہ کے مراکزہیں جہاں زیادہ سے زیادہ لوگ انہیں دیکھنے پہنچیں گے۔ اِس کے علاوہ سبھی ریاستوں کے فنکار اپنے روایتی عوامی رقص اور گانے پیش کریں گے۔ میلے میں بڑوں کیلئے ٹکٹ 80 روپے اور بچوں کیلئے 40 روپے طے کئے گئے ہیں۔ چھٹیوں اور ہفتے کے آخری دن بڑوں کیلئے ٹکٹ 150 روپے اور بچوں کیلئے 60 روپے ہوگی۔ تجارتی میلہ دیکھنے والے لوگ آئی ٹی پی او کی ویب سائٹ پر آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں اور 55 میٹرو اسٹیشنوں سے بھی ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں۔ معذورافراد اور سینئر سٹیزن کیلئے میلے میں داخلہ مفت ہے۔