رانچی :جھارکھنڈ میں کانگریس پارٹی 14 اپریل کو بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام کے تحت انسانی زنجیر بنائے گی۔ پارٹی کے ریاستی صدر کیشو مہتو کملیش نے بتایا کہ یہ انسانی زنجیر رانچی کے امبیڈکر چوک سے راجندر چوک تک بنائی جائے گی۔ اس دوران شرکاء کے ہاتھوں میں آئین ہند کی نقول اور بابا صاحب کے کٹ آؤٹس ہوں گے۔
کیشو مہتو نے الزام لگایا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت آئین کے بنیادی اصولوں کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کا مقصد عوام کو بیدار کرنا اور بی جے پی کی آئین مخالف سرگرمیوں کو بے نقاب کرنا ہے۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع میں بھی اسی طرز کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی کی ریاستی اور ضلعی سطح کی یونٹوں، محاذوں کے عہدیداران، ممبران اسمبلی، اور مختلف بورڈز و کمیشنز کے سربراہوں سے مشاورت کی گئی ہے۔
اس موقع پر کانگریس کے جھارکھنڈ انچارج کے. راجو بھی 13 اپریل کو رنچی پہنچیں گے اور 14 اپریل کو انسانی زنجیر میں شریک ہوں گے۔کیشو مہتو نے مزید کہا کہ بی جے پی ملک میں زہریلا ماحول پیدا کر رہی ہے اور عوام کے بنیادی حقوق پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو ان سازشوں سے آگاہ کرنا اور آئین کی حفاظت کرنا کانگریس کا فرض ہے۔ اس کے تحت آئندہ سال بھر ریاست بھر میں آئین بچاؤ مہم کے تحت متعدد پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔