چنئی: فلم اداکارہ اور رام پور کی سابق ایم پی جیا پردا کو چنئی کی ایک عدالت نے 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ چنئی کے رائے پیٹا میں ان کی ملکیت والے ایک فلم تھیٹر کے ملازمین کی طرف سے دائر درخواست کے سلسلے میں ان پر 5000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
سنیما ہال چنئی کے رام کمار اور راجہ بابو چلا رہے ہیں۔ مسئلہ اس وقت شروع ہوا جب انتظامیہ تھیٹر کے کارکنوں کوای ایس آئی ادا کرنے میں ناکام رہی اور انہوں نے عدالت کا رخ کیا۔ بعد میں اداکارہ نے عملے کو پوری رقم ادا کرنے کا وعدہ کیا اور عدالت سے کیس خارج کرنے کی اپیل کی۔ حالانکہ، لیبر گورنمنٹ انشورنس کارپوریشن کے وکیل نے ان کی اپیل پر اعتراض کیا، جس کے بعد جیا پردا اور اس کیس سے جڑے تین دیگر افراد کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ اسی طرح ہر ایک کو 5000 روپے جرمانہ ادا کرنے کو بھی کہا گیا۔
جیا پردا دو بار لوک سبھا میں سماج وادی پارٹی کی طرف سے رام پور کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ 2004 اور 2009 میں انہوں نے کانگریس امیدوار کو شکست دے کر رام پور سیٹ جیتی تھی۔ بعد میں ایس پی نے انہیں باہر کا راستہ دکھایا اور پھر 2014 کے الیکشن میں انہوں نے بجنور سے آر ایل ڈی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 2019 میں جیا پردا رام پور واپس آئیں اور بی جے پی نے انہیں اپنا امیدوار بنایا۔ تاہم اس بار بھی انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔