بہرائچ : مسلح سرحدی فورس (ایس ایس بی) نے اترپردیش کے بہرائچ ضلع میں ہند۔ نیپال سرحد پر روپیڈیہا چیک پوسٹ پر ایک 49 سالہ چینی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ ایک ایجنسی کے مطابق ایس ایس بی افسران نے بتایا کہ وہ غیر قانونی طریقے سے ہندوستان میں داخل ہوا تھا اور سرحدی علاقے کی ویڈیو گرافی کررہا تھا۔
افسران نے بتایا کہ گرفتار کیا گیا چینی شہری پاکستان جاچکا ہے اور اس کے پاس سے پاکستانی، چینی اور نیپالی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔ ایس ایس بی کی 42 ویں بٹالین کے کمانڈینٹ گنگا سنگھ اُداوت نے بتایا کہ چینی شہری کو گرفتار کرنے والے افسر نے انہیں بتایا کہ نیپپال سے ہندوستان میں گھسنے کے بعد وہ ایک حساس بارڈر علاقے کی ویڈیو گرافی کررہا تھا۔
افسر نے مزید بتایا کہ گرفتار کئے گئے چینی شہری کی شناخت چین کے ہونان صوبہ کے رہنے والے لیوکوجنگ کے طورپر ہوئی ہے۔ اس کے پاس مبینہ طور پرہندوستان میں گھسنے کے لئے مجاز دستاویزات نہیں تھے۔ اس کے ساتھ ہی اس کے پاس سے تین موبائل فون بھی ضبط کئے گئے ہیں اور ان میں سے ایک موبائل میں ہندوستانی علاقے میں کئی حساس مقامات کی ویڈیو بھی تھیں۔
گرفتارچینی شہری کے پاس سے نیپال کا ایک روڈ میپ بھی ملا ہے۔ میپ پر سب کچھ انگریزی میں لکھا تھا لیکن کوجنگ نے اشاروں سے بتایا کہ اسے نہ تو ہندی آتی ہے اور نہ ہی انگریزی میں وہ بات کرسکتا ہے۔ ایس ایس بی پولیس اور دوسری سیکورٹی ایجنسیوں نے ایک انٹرسیپٹ کی مدد سے کوجنگ سے پوچھ گچھ کی۔ کمانڈینٹ نے بتایا کہ پوچھ گچھ میں پتہ چلا ہے کہ چینی شہری پاکستان بھی گیا تھا۔ حالانکہ اس کے پاس اس ملک کا ویزا تھا۔

















