نئی دہلی: نو تعمیر شدہ رام مندر کے افتتاح کو ابھی چند ماہ بھی نہیں گزرے کہ پہلی بارش میں مندر کی چھت ٹپکنے لگی۔ رام مندر کے بڑے پجاری آچاریہ ستیندر داس نے اس بات کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کی چھت سے پانی ٹپکنے لگا اور باہر کے احاطے میں پانی جمع ہو گیا۔ان کے مطابق جہاں رام للا موجود ہیں وہاں بھی پانی بھر گیا، انہوں نے بتایا کہ مندر کے اندر بھی بارش کا پانی بھر گیا جو باعث فکر ہے۔ اچاریہ کا کہنا ہے کہ جو رام مندر تعمیر ہوا ہے اس میں پانی نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے اس کی وجہ سے پانی اوپر سے ٹپکنے لگا یہ بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس کا حل نکالاجانا چاہیے، اگر اس مسئلے کو حل نہیں کیا گیا تو مندر کے درشن اور پوجا بند کرنی پڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ رام مندر ٹرسٹ کو اس بات کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے کہ مندر سے کیوں پانی ٹپک رہا ہے۔ واضح رہے کہ 22 جنوری کو پران پرتیشٹھا تقریب منعقد ہوئی تھی حالانکہ ابھی رام مندر کی تعمیر کا کام جاری ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ 2025 تک یہ کام مکمل ہو جائے گا۔