مہاراشٹر کے ناسک کے ڈنڈوری میں ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک کار پانی سے بھرے کنویں میں گر گئی۔ حادثے میں 9 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار سیدھے کنویں میں گرگئی۔ خبروں کے مطابق اندور گاؤں کے سنیل درگوڈے کے کنبہ اور ان کے رشتہ داروں سمیت 9 لوگ اس حادثے میں المناک طور پراپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ ایک سماجی اجتماع سے گھر واپس آتے وقت پیش آیا۔
حادثے میں جان گنوانے والوں میں چھوٹے بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کے گاڑی پر سے کنٹرول کھونے کی وجہ سے پیش آیا۔ رات گئے گاڑی کو کرین کی مدد سے کسی طرح باہر نکالا گیا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کار ماروتی سوزوکی ارٹیگا ہے۔ جائے وقوعہ پر فوری طور پر مقامی لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ کافی کوشش کے بعد کرین کی مدد سے گاڑی کو باہر نکالا گیا۔
اس المناک حادثے میں کار میں سوار 3 بچوں کی بھی دردناک موت ہوگئی ہے۔ ڈنڈوری شہر کے شیوا جی نگر واقع کنویں میں ایم ایچ۔ 15 جے ایس۔ 1053 ارٹیگا کار گرگئی۔ بتادیں کہ ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے بعد جب تک کار میں روار لوگوں کو باہر نکالا گیا تب تک سبھی نے دم توڑ دیا تھا۔ متوفیوں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل ہیں۔ این ڈی آر ایف، مقامی انتظامیہ اور شہریوں نے دیر رات تک متاثرین کو بچانے کے لیے انتھک محنت کی۔ رات کی تاریکی میں کنویں کے اندر سے لوگوں کو نکالنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔












