نئی دہلی :ہندوستان-پاکستان کشیدگی کے درمیان کئی داخلہ امتحانات ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ 10 مئی کو ہونے والی کنسورٹیم آف میڈیکل انجینئرنگ اینڈ ڈینٹل کالجز آف کرناٹک (COMEDK) امتحان کئی شہروں میں ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ان میں پنجاب، گجرات، راجستھان، ہریانہ اور جموں و کشمیر کے 12 شہر شامل ہیں۔ وہیں جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) نے بھی 10 اور 11 مئی 2025 کو ہونے والے اپنے داخلہ امتحانات کو جموں و کشمیر کے طلبا کے لیے ری شیڈیول کر دیا ہے۔یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے طلبا کے لیے ایک متبادل تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ تعلیمی سال 26-2025 کے لیے جامعہ کا داخلہ امتحان 26 اپریل سے شروع ہوا تھا اور 31 مئی تک چلے گا۔ 10 اور 11 مئی کو کئی اہم کورسیز کے امتحانات ہونے تھے۔
کامیڈکے (COMEDK) نے کہا ہے کہ ان شہروں کے لیے امتحان پھر سے منعقد کیے جائیں گے جس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد ہوگا۔ اس سال 1,31,937 طلبا نے کامیڈکے امتحان کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے۔
COMEDK UGET 2025 امتحانات گجرات کے جام نگر، ہریانہ کے امبالہ، جموں اور کشمیر کے سری نگر اور جموں، پنجاب کے لدھیانہ، بھٹنڈا، جالندھر، موہالی، پٹیالہ اور امرتسر، راجستھان کے جودھپور، بیکانیر اور شری گنگا نگر میں ملتوی کیے گئے ہیں۔اس سے پہلے ایچ پی ٹی یو بھی ایچ پی سی ای ٹی امتحان 2025 ملتوی کر چکا ہے۔ راجستھان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس نے بھی امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 مئی سے منعقد ہونے والے سبھی امتحانات منسوخ کر دیئے گئے ہیں جس میں میڈیکل، پیرا میڈیکل اور نرسنگ وغیرہ کے امتحانات شامل ہیں۔