بہار میں کانگریس کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں پرینکا گاندھی کی شرکت سے چار چاند لگ گئی۔ راہل گاندھی کی قیادت میں جاری اس یاترا میں پہلے سے ہی لوگوں کی زبردست بھیڑ جمع ہو رہی تھی، اور آج تو ہر جگہ لوگ کھچا کھچ بھرے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ مدھوبنی میں پرینکا گاندھی نے ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کی اس محبت اور حمایت کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز اور تلخ انداز میں حملہ بھی کیا۔
اپنے خطاب میں پرینکا گاندھی نے لوگوں سے ووٹ چوری کے تئیں بیدار اور محتاط رہنے کی تلقین کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ووٹ آپ کی پہچان ہے، آپ کی شہریت کی بنیاد ہے۔ اگر آپ ووٹ چوری ہونے دیں گے تو آپ کی کوئی شناخت نہیں رہے گی۔ آپ کے سبھی حقوق صلب ہو جائیں گے اور آپ کی شہریت بھی ختم ہو جائے گی۔‘‘ وہ التماس والے انداز میں عوام سے مخاطب ہو کر کہتی ہیں کہ ’’الرٹ ہو جائیے اور اپنے حقوق کی چوری مت ہونے دیجیے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک پرانے بیان کو یاد کرتے ہوئے کچھ طنزیہ انداز بھی اختیار کیا۔ انھوں نے عوام سے کہا کہ ’’نریندر مودی نے لوک سبھا انتخاب میں آپ سے کیا کہا تھا؟ کہا تھا کہ کانگریس آپ کی بھینس چرا لے گی۔ لیکن ہمیں کیا پتہ تھا، یہ تو خود ووٹ چرا رہے تھے۔ بھینس چھوڑیے، یہ تو آپ کی ووٹ چوری کر رہے تھے۔‘‘ جب پرینکا نے یہ تبصرہ کیا تو وہاں موجود جم غفیر ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے دکھائی دیے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے مودی حکومت کے ذریعہ کی گئی کچھ دیگر چوریوں کی طرف بھی اشارہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی حکومت نے آپ کے روزگار چرائے، آپ کے پی ایس یو چرائے، آپ سے ہر سطح پر چوری کی۔ لیکن آپ انھیں اپنا ووٹ مت چوری کرنے دیجیے گا۔