دہلی-این سی آر میں مسلسل بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے، گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان یعنی گریپ کے فیز 4 کے تحت آلودگی پر قابو پانے کے سخت اقدامات ہفتہ (13 دسمبر) سے لاگو کیے گئے ہیں۔ گریپ4 کے نفاذ کے بعد، دہلی حکومت نے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کلاس 10 کو چھوڑ کر 11 ویں کلاس تک کی کلاسیں ہائبرڈ موڈ میں کریں، یعنی آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں سے۔
اس کے علاوہ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد ملازمین کو بھی گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح کا حکم 24 نومبر کو گریپ3 کے نفاذ کے بعد جاری کیا گیا تھا، لیکن بعد میں اقدامات اٹھائے جانے کے بعد اسے واپس لے لیا گیا۔
کمیشن فار ایئر کوالٹی منیجمنٹ(سی اے کیو ایم) اور مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے ہفتہ (13 دسمبر) کی سہ پہر دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں گریپ3 پابندیاں عائد کیں، اور شام کو ہوا کے بگڑتے معیار کی وجہ سے، پابندیوں کو گریپ4 تک بڑھا دیا گیا۔ دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس یعنی اے کیو آئی ہفتہ (13 دسمبر) کی شام 4 بجے 431 پر ریکارڈ کیا گیا تھا، اور شام 6 بجے تک، یہ بڑھ کر 441 ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ گریپ4 کے تحت دہلی میں غیر ضروری ٹرکوں کا داخلہ ممنوع رہے گا۔ تاہم، ضروری سامان یا خدمات لے جانے والے ٹرک، یا صاف ایندھن جیسےایل این جی، سی این جی ، الیکٹرک یا بی ایس VI ڈیزل پر چلنے والے ٹرک مستثنیٰ ہیں۔ تمام تعمیرات اور مسماری کا کام مکمل طور پر روک دیا جائے گا۔ اس میں شاہراہیں، سڑکیں، فلائی اوور، اوور برجز، پاور ٹرانسمیشن لائنز اور پائپ لائنز جیسے عوامی منصوبے شامل ہیں۔


















