پٹنہ : پٹنہ کے ایل این مشرا انسٹی ٹیوٹ میں پیر کو ایک سرکاری تقریب کے دوران بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی ایک عجیب و غریب حرکت نے سب کو حیران کر دیا۔ پروگرام کے دوران جب ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے وزیراعلیٰ کو ایک گملا بطور تحفہ پیش کیا، تو نتیش کمار نے وہ گملا ان کے سر پر رکھ دیا۔ اس غیر متوقع حرکت سے نہ صرف ایس سدھارتھ بلکہ اسٹیج پر موجود دیگر افراد بھی حیران رہ گئے۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نتیش کمار مسکراتے ہوئے گملا لیتے ہیں اور ہنستے ہوئے وہ گملا ڈاکٹر سدھارتھ کے سر پر رکھ دیتے ہیں۔ ڈاکٹر سدھارتھ جھینپ کر فوراً گملا ہٹا لیتے ہیں اور تھوڑا فاصلے پر جا کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اس دوران وہاں موجود کچھ لوگ بھی ہنستے ہوئے نظر آئے۔
آر جے ڈی نے اس حرکت پر سخت ردعمل دیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان، مرتیونجے تیواری نے اسے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’نتیش کمار کی سرگرمیاں ریاست کو شرمندہ کر رہی ہیں۔ ان کا ذہن ان کے قابو میں نہیں رہا، اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چند افسران کا گروپ ہی اب حکومت چلا رہا ہے۔ وہ بہار کے سب سے کمزور وزیراعلیٰ ثابت ہوئے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب نتیش کمار کے رویے پر سوال اٹھے ہوں۔ مارچ 2025 میں ‘سیپک ٹاکرا ورلڈ کپ’ کی افتتاحی تقریب کے دوران وہ قومی ترانے سے پہلے اسٹیج سے نیچے اتر گئے تھے۔ اس سے پہلے نومبر 2024 میں دربھنگہ میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے پیر چھونے کی کوشش کی تھی اور ایک اور پروگرام میں جب سب لوگ قومی ترانے کے احترام میں سیدھے کھڑے تھے، تو نتیش کمار ہاتھ جوڑ کر لوگوں کو نمسکار کرتے رہے۔
حالیہ واقعہ نتیش کمار کے ان مسلسل غیر روایتی اور غیر رسمی رویوں کی فہرست میں ایک اور اضافہ ہے جسے سیاسی مخالفین ان کی مبینہ ذہنی عدم توازن کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ اگرچہ وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا لیکن سوشل میڈیا اور اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ صرف ایک ’دل لگی‘ تھی یا واقعی وزیراعلیٰ کی ذہنی کیفیت کسی سنجیدہ جائزے کی متقاضی ہے۔ بہار کی سیاست میں اب یہ ایک نیا موضوع بن چکا ہے اور اس کے ممکنہ اثرات دور رس ہو سکتے ہیں۔