اگرتلہ: تلنگانہ کے سابق بی جے پی لیڈر اندرا سینا ریڈی نلو نے جمعرات کو یہاں راج بھون میں ایک تقریب میں تریپورہ کے 20ویں گورنر کے طور پر حلف لیا۔ تریپورہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ نے انہیں نئے گورنر کو عہدے کا حلف دلایا۔ انہوں نے ستیہ دیو نارائن آریہ کی جگہ لی ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ مانک ساہا، ان کے کابینہ کے ساتھی اور اعلیٰ سول اور سیکورٹی حکام اور دیگر معززین موجود تھے۔ چارج سنبھالنے کے فوراً بعد ریڈی نلو نے کہاکہ میں لوگوں کو بااختیار بنانے کے علاوہ انتظامیہ میں شفافیت اور جوابدہی کو برقرار رکھنا چاہوں گا۔ ریاست کی ترقی اور تریپورہ کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا میری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے تریپورہ کے لوگوں کی خدمت کرنے اور ترقی کے عمل میں حصہ ڈالنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ تین بار کے ایم ایل اے، ریڈی نلو نے 1983، 1985 اور 1999 کے انتخابات میں ملک پیٹ حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی، اور مشترکہ آندھرا پردیش اسمبلی میں بی جے پی کے فلور لیڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔