پرینکا گاندھی نے کہا کہ انتخاب سے محض ایک مہینہ پہلے خواتین کے لیے اسکیم کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے خواتین کو رقم دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں پوچھا، ’’یہ لوگ پچھلے 20 سال سے اقتدار میں ہیں، ان 20 سالوں میں خواتین کے لیے کیا کیا؟ اگر واقعی نیت صاف ہوتی تو یہ سہولت پہلے کیوں نہیں دی گئی؟‘‘
انہوں نے کہا کہ خواتین کو 10 ہزار روپے دینے کا اعلان تو ہوا لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ رقم ہر ماہ دی جائے گی یا صرف ایک بار۔ ’’کیا ایک عورت کی قیمت اب صرف 10 ہزار روپے رہ گئی ہے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اعلانات محض انتخابی اسٹنٹ ہیں، جن میں خواتین کی ضرورتوں اور حقوق کو پس پشت ڈال دیا جاتا ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ خواتین کا حقیقی احترام اس وقت ہوگا جب انہیں مستقل بنیادوں پر سہارا دیا جائے، تعلیم و روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کی بیٹیوں کو محفوظ ماحول دیا جائے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ حکومت جب آپ اپنے حق کے لیے آواز اٹھاتی ہیں تو آپ کو لاٹھی سے پیٹتی ہے اور جیل میں ڈال دیتی ہے، پھر یہ کیسے دعویٰ کر سکتی ہے کہ وہ آپ کا احترام کرتی ہے؟